پاک فوج کچے میں آپریشن کرےگی، وفاقی کابینہ کی منظوری

اسلام آباد .کندھ کوٹ،رحیم یارخان ،ڈی جی خان (باغی ٹی وی )وفاقی کابینہ نے کچے کےعلاقے میں آپریشن کیلئے فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے فوج کی خدمات حاصل کرنے کیلئے وفاق سے رجوع کیا تھا، پنجاب حکومت نے 24 اپریل تک فوج کی خدمات کی درخواست کی ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے آپریشن ختم نہ ہونے کی صورت میں 5 مئی تک توسیع کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
خیال رہے پولیس کا کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن ساتویں روزمیں داخل ہوگیا ہے ، پولیس کچہ میں لاٹھانی گینگ کی کمین گاہوں میں داخل ہوئی تو لاٹھانی گینگ اپنی کمین گاہیں چھوڑ کر دریائی جزیرے میں فرار ہوگئے۔پولیس نےلاٹھانی گینگ کی کمین گاہوں کومسمارکرکےنذرآتش کردیا اور کمین گاہوں سے راکٹ لانچر، اینٹی ایئر کرافٹ گن اور ہزاروں ہینڈگرنیڈز برآمد کرلئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے جزیرے کا محاصرہ کرلیا ہے، جہاں شدید فائرنگ کاسلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب کشمور کے کچے میں پولیس کی جانب آپریشن کیا گیا جہاں ڈاکوؤں سے مقابلے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔مقابلے میں ایس ایچ اوگل محمد زخمی ہوئے جبکہ کچے کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ تب پیش آیا جب کچے میں نئی چیک پوسٹ قائم کی جارہی تھی کہ اس دوران ڈاکوؤں نےحملہ کردیا جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی تاہم ڈاکو فرار ہوگئے۔
آج ہی آرمی چیف کی صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں عزم کا اظہار کیا کہ مسلح افواج اندرونی اور بیرونی خطرات کا جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کورکمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کو درپیش بیرونی اور اندرونی سیکیورٹی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Comments are closed.