پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستان نے افغان بارڈر پر 19 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے افغانستان کی بلا اشتعال فائرنگ پر رات گئے سے بھرپور اور مؤثر جوابی حملہ جاری ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغان بارڈر پر 19 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا ہے ۔ ان پوسٹوں سے پاکستان پر حملے کیے جا رہے تھے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قبضہ شدہ افغان پوسٹوں پر آگ اور تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔بیشترافغان طالبان پوسٹیں خالی چھوڑ کربھاگ چکےہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کے خلاف پاک فوج کی یہ بڑی اور اہم کامیابی ہے۔
پاک فوج نے افغان طالبان کو اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے ناصرف کئی چیک پوسٹوں کو مکمل تباہ کیا بلکہ افغان پوسٹوں پر پاکستان کا جھنڈا بھی لہرا دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق چترال کے قریب سرحد پار افغانستان کی پوسٹ تباہ کی گئی جس میں آگ لگ گئی، پاک فوج کی جوابی کارروائی کے بعد افغان فوجیوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پاک فوج کے بھرپور جواب سے افغان فوجی پوسٹ پر لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے، ویڈیو میں پوسٹ پر آگ بھی لگی دیکھی جا سکتی ہے۔پاک فوج کے جوانوں نے افغان چیک پوسٹ پر قبضہ کرنے کے بعد اس پر پاکستان کا جھنڈا بھی لہرایا۔
یاد رہے کہ پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا، پاکستانی فورسزکی بھر پور جوابی کارروائی سے متعددافغان فوجی ہلاک ہوگئے، بھاری نقصانات کے باعث متعدد افغان پوسٹیں خالی ہو گئیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے پاک افغان بارڈر پر انگور اڈا، باجوڑ،کرم، دیر، چترال، اور بارام چاہ کے مقامات پر بھی بِلا اشتعال فائرنگ کی۔