راولپنڈی: پاکستان نے آذربائیجان کو جدید جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری فائٹر طیاروں کی فروخت کا معاہدہ کر لیا ہے، جس کا مقصد آذربائیجان کی فضائی طاقت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران انہیں جے ایف 17 کی جنگی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کی حکومت کی درخواست پر پاکستان نے "ایڈکس 2024” میں شرکت کے لیے اپنی فضائیہ کا ایک دستہ باکو بھیجا۔ اس بین الاقوامی دفاعی نمائش میں جے ایف 17 تھنڈر کی شاندار کارکردگی اور جنگی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا، جس میں اس کی ری فیولنگ اور دیگر جدید خصوصیات کا عملی طور پر اظہار کیا گیا۔
صدر الہام علیوف نے جے ایف 17 تھنڈر کی صلاحیتوں کا براہ راست مشاہدہ کیا اور اس کو 4.5 جنریشن کا ملٹی رول فائٹر طیارہ قرار دیا، جو مختلف جنگی مشنز کو کامیابی سے مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر کی شمولیت سے آذربائیجان کی قومی سلامتی کو مزید تقویت ملے گی۔آذربائیجان کے صدر نے پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔