وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل قوم کے ہیروز اور معمار ہیں اور پاکستان کی ترقی کی کنجی بھی نوجوانوں میں مضمر ہے-
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام دہشتگردی کے خلاف نبردآزما ہیں اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک میں امن و امان قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں، تاریخ آپ کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور افواج پاکستان نے 6 اور10 مئی کی جنگ میں بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو وہ کبھی نہیں بھولے گا،10 مئی کی فتح قوم کی دعاؤں اورافواج پاکستان کی بہادری کا نتیجہ تھی جس نے پاکستان کوعالمی سطح پرعزت دلائی، وزیراعظم نے تعلیم کے شعبے میں بھی کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پورے خیبر پختونخوا میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے اورملک بھر سے میرٹ کے اصول پراعلیٰ ٹریننگ کیلئے نوجوانوں کو زرعی شعبے میں مواقع فراہم کیے جائیں گے نوجوان نسل قوم کے ہیروز اور معمار ہیں اور پاکستان کی ترقی کی کنجی بھی نوجوانوں میں مضمر ہے،بطور وزیراعلیٰ پنجاب وہ 600 بچوں کو چینی زبان سکھانے کے لیے بھی بھیج چکے ہیں اور تمام صوبوں سے بچوں کو تعلیم کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا عمل جاری رہے گا۔
وزیراعظم نے ہری پورکے لیے بھی کئی ترقیاتی اقدامات کا اعلان کیا ان میں دانش اسکول کے قیام، خواتین کے لیے علیحدہ کیمپس، پل کی تعمیراورمعیاری تعلیم کی فراہمی شامل ہے پاکستان میکرو لیول پر مستحکم ہے اوراب اسے ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانا ہے شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چیلنجز قبول کریں اور آگے بڑھیں کیونکہ پاکستان جادو ٹونے سے نہیں بلکہ محنت، بھائی چارے اوراتحاد سے ترقی کرے گا۔
وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے مشترکہ تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر تمام صوبے مل کر ترقی کریں تو پاکستان عظیم بن سکتا ہے عسکری میدان میں جس طرح افواج آگے بڑھیں اسی طرح معاشی اور تعلیمی شعبوں میں بھی سب کو آگے بڑھنا ہوگا انہوں نے ماہم بتول کے حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے کلچر کا احترام بھی ہماری ذمہ داری ہے، اقدامات میں تعلیم، انفراسٹرکچر، خواتین کی ترقی اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا شامل ہے جس سے صوبے اور ملک کی ترقی میں تیزی آئے گی۔








