لائبریا کے آئل ٹینکر "ایم ٹی ہائی لیڈر” نے اپنے زخمی بھارتی عملے کے لیے فوری طبی مدد کی اپیل کی تھی، جس پر پاک بحریہ نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے کامیاب ریسکیو آپریشن انجام دیا۔
پاک بحریہ کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) نے جیسے ہی ہنگامی پیغام موصول کیا، فوری طور پر امدادی کارروائی کا آغاز کر دیا۔زخمی بھارتی عملے کو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے تعاون سے فوری طور پر کراچی کے ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔
بھارتی عملے کی بروقت اور کامیاب امداد پاک بحریہ کی انسانیت پر مبنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی عکاس ہے، جو قومیت سے بالاتر ہو کر عالمی سطح پر اپنی ذمے داریوں کو نبھانے کے عزم کا مظاہرہ کرتی ہے۔یہ کارروائی سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے مثالی اور قابلِ فخر کردار کا عملی ثبوت ہے۔








