پاک بحریہ نے ملک کی بڑی بندرگاہوں پر کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دو روزہ مشقوں کا انعقاد کیا، جن کا مقصد اہم بحری تنصیبات کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
باغی ٹی وی کے مطابق یہ حفاظتی مشقیں پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ کے زیر اہتمام کی گئیں، جن میں پاک میرینز، ایس ایس جی (این)، بحری اور فضائی اثاثوں نے شرکت کی۔مشقوں کا بنیادی ہدف بحری تنصیبات کے تحفظ کے لیے موجودہ طریقہ کار اور حربی حکمت عملی کا جائزہ لینا اور انہیں مزید بہتر بنانا تھا۔ مختلف یونٹس نے مربوط کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے آپس میں تعاون اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔
ان مشقوں کے دوران غیر روایتی خطرات اور حملوں کی صورت میں ردعمل کی صلاحیت کو بہتر بنانے اور فورسز کے درمیان رابطے کو مضبوط کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔کمانڈر کوسٹ، رئیر ایڈمرل فیصل امین نے مشق کے مختلف مراحل کا معائنہ کیا اور بندرگاہوں کا دورہ کرتے ہوئے حصہ لینے والی یونٹس کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہم آہنگی کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بحری تنصیبات اور بندرگاہوں کا تحفظ نہ صرف قومی سلامتی بلکہ معیشت کے استحکام کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔واضح رہے کہ یہ مشقیں اس عزم کا اظہار ہیں کہ پاک بحریہ ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے۔
تونسہ: پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، 4 دہشت گرد ہلاک
پی پی 52 سیالکوٹ: ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی جاری








