پاک بھارت میچ میں پریشر دونوں ٹیموں پر ہوتا ہے،کپل دیو
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل آج بڑا ٹاکرا پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میلبرن میں ہونے جارہا ہے۔
باغی ٹی وی: نجی خبررساں ادارے کے پروگرام میں پاک بھارت ٹاکرا میں بھارت سے کپل دیو، اتل واسن ، انجم چوپڑا نے ویڈیو کال پر جب کہ پاکستان سے عاقب جاوید، معین خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔
پاک بھارت ٹاکرا: میلبرن کے موسم میں بتدریج بہتری آنے لگی
بھارت کے سابق کرکٹر اور لیجنڈ کپل دیو نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں پریشر دونوں ٹیموں پر ہوتا ہے ، بھارت سے زیادہ پاکستان کی بولنگ اچھی ہے۔
سابق پاکستانی کرکٹر معین خان نے کہا کہ وہی ٹیم کامیاب ہوتی ہے جو پریشر انجوائے کرتی ہے۔
میچ پر بات کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی دنیا کا واحد بولر ہے جو پاور پلے میں اچھی بولنگ کرتا ہے ، شاہین کے سامنے بیٹر اپنی وکٹ بچانے میں لگا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے سوریا کمار 360 ڈگری پر بیٹنگ کرتے ہیں، سوریا کمار کو صرف آؤٹ کر سکتے ہیں، رنز بنانے سے نہیں روک سکتے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ہائی وولٹیج میچ آج میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ایک بجے شروع ہو گا۔
دونوں ٹیموں کے کپتان اور کھلاڑیوں سمیت دنیا بھر میں کرکٹ شائقین کو امید ہے کہ آج کا میچ بارش سے متاثر نہیں ہو گا اور دو حریف ٹیموں کے درمیان ایک اچھا ٹاکرا دیکھنے کو ملے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ افراد کی گنجائش والا گراؤنڈ کھچا کھچ بھرا ہونے کا امکان ہے۔
کرکٹ شائقین پُرجوش ہیں پاکستانی نوجوان کا کہنا تھا آج کا میچ گراؤنڈ میں دیکھنے کے لیے شائقین کے لیے کچھ شرٹس لایا ہوں، جن کے پاس شرٹس نہیں ہوں گی انہیں یہ شرٹس فری میں دوں گا، خواہش ہے کہ میچ میں پورا اسٹیڈیم سبز ہو اور ہم گرین پاور کو شو کریں۔