افغانستان کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں اور اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج نے منہ توڑ ردِعمل دیتے ہوئے افغان طالبان کے متعدد اہم ٹھکانے تباہ کر دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں افغان صوبہ قندھار میں کی گئیں جہاں سے پاکستانی حدود پر حالیہ جارحیت کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ذرائع کے مطابق پاک فوج کی ان ٹارگٹڈ اسٹرائیکس میں افغان طالبان کی بٹالین نمبر 4 اور بارڈر بریگیڈ نمبر 6 مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ کارروائی میں درجنوں افغان طالبان جنگجو ہلاک ہوئے، اطلاعات کے مطابق ان تنصیبات میں وہ مراکز بھی شامل تھے جہاں سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی ہدایت دی جا رہی تھی۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور، فوری اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دشمن کو ہر سطح پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان نے بارہا افغان حکام کو سرحدی خلاف ورزیوں سے باز رہنے کی تنبیہ کی تھی، تاہم مسلسل اشتعال انگیزی کے باعث یہ جوابی کارروائی ناگزیر ہو گئی۔
سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ کارروائی پاکستان کے دفاعی عزم اور عسکری صلاحیت کا واضح اظہار ہے، جس سے دشمن قوتوں کو سخت پیغام گیا ہے کہ کسی بھی حملے کا جواب دو ٹوک اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔