امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں ری پبلکن اراکین کانگریس سے خطاب کے دوران سامنے آیا، جہاں صدر ٹرمپ نے تصدیق کی کہ پاک بھارت جنگ کے دوران کل 5 طیارے تباہ ہوئے تھے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ صورتحال بہت خراب ہو رہی تھی اور اس جنگ کو روکنا ضروری تھا، جس کے لیے انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ قریبی رابطہ کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کو خبردار کیا کہ اگر جنگ بندی نہ کی گئی تو امریکا ان سے تجارتی تعلقات ختم کر سکتا ہے، جس کے بعد 10 مئی کو دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔
اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے پہلگام علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 26 افراد مارے گئے تھے۔ بھارت نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کیا اور اس واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔امریکا نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کی لیکن پاکستان پر الزام عائد کرنے کے بھارتی دعوے کی حمایت نہیں کی۔ اس کے برعکس، بھارت نے اپنی طاقت اور جارحیت کے نشے میں 7 مئی کو پاکستان پر جنگ مسلط کردی، جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔
7 مئی کے بعد پاک بھارت فضائی جنگ میں دونوں طرف سے لڑاکا طیاروں اور ڈرونز کا استعمال ہوا۔ پاکستان نے بھارت کے معروف لڑاکا طیارے رافیل سمیت 5 طیارے مار گرائے تھے،بھارت طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کرنے سے ہمیشہ گریز کرتا رہا ہے، مگر صدر ٹرمپ کی حالیہ تصدیق نے اس دعوے کو تقویت دی ہے کہ واقعی بھارت کے 5 طیارے تباہ ہوئے تھے۔