پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسرائیل کی لبنان کے خلاف فوجی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اسرائیلی حملوں کو نہ صرف خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا بلکہ اسے عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی بھی کہا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں لبنان میں سینکڑوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور ملک کی سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان میں ہونے والی نسل کشی پر اسرائیل کو احتساب کے کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیل نے لبنان کے کئی مقامات پر حملے کیے، جن میں 45 بچوں اور 58 خواتین سمیت 400 سے زائد افراد شہید اور 1300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ 23 ستمبر کو اسرائیل نے لبنان میں بمباری شروع کرنے سے پہلے، لبنان کے موبائل فون نیٹ ورکس کو ہیک کر لیا تھا۔ کئی موبائل فون صارفین کو پیغامات موصول ہوئے کہ ان کے گھروں کو بموں سے اڑایا جانے والا ہے، حتیٰ کہ لبنان کے وزیر اطلاعات کو بھی ایسی ہی دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی۔ عرب ٹی وی الجزیرہ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے کئی مقامی ریڈیو نیٹ ورکس کو بھی ہیک کر کے اپنے پیغامات نشر کیے تھے۔

پاکستان کی اسرائیل کی لبنان پر فوجی جارحیت کی شدید مذمت، عالمی برادری سے احتساب کا مطالبہ
Shares: