کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس بار پاکستان کے عوام لاہور سے وزیر اعظم منتخب نہیں کریں گے-

باغی ٹی وی: بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات فروری کے الیکشن کا ٹریلر ہیں بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوگیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اس وقت بلدیاتی انتخابات جیتے جب ہم حکومت میں نہیں تھے ، عوام کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، ملک کو معاشی مسائل، غربت اور مہنگائی سے نجات دلانی ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت ہی غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی میں کردار ادا کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم بلدیاتی اور صوبائی کے ساتھ وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے، 8 فروری کو ثابت کردیں گے، فتح صرف تیر کی ہوگی، اس بار پاکستان کے عوام وزیراعظم لاہور سے منتخب نہیں کریں گے،نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان رابطے کے حوالے سے انہوں نےکہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے رابطے کی خبر پرانی ہےہم نےکسی جماعت کےلیے اپنے دروازے بند نہیں کیے ہیں، ہم اپنے منشور کے مطابق آگے بڑھتے رہیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے، افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ دہشت گردوں کے پاس موجود ہے،انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

Shares: