پاکستان اور لیبیا کے درمیان 4.6 بلین ڈالر کے دفاعی معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں-

دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے اس معاہدے میں مبینہ طور پر 16 JF-17 تھنڈر لڑاکا طیارے،12 سپر مشاق ٹرینر ہوائی جہاز، 44 حیدر مین جنگی ٹینک، جدید انفنٹری مارٹر سسٹم، 1 کثیر مقصدی بحری جہاز شامل ہیں،جبکہ لیبیا کی مسلح افواج کے لیے تربیت بھی معاہدے میں شامل ہیں-

قبل ازیں چیف آف ڈیفنس فورسز ،آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر لیبیا کے سرکاری دورے کے دوران لیبیائی عرب مسلح افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل خلیفہ بالقاسم حفتر اور لیبیائی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آمد پر لیبیائی مسلح افواج کے ایک چاک و چوبند دستے نے فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا،فیلڈ مارشل اور خلیفہ حفتر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں اطراف نے تربیت، استعداد کار میں اضافے اور دہشت گردی کے خاتمے کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر لیبیا کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا،فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

Shares: