وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے "ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے” کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمباکو نوشی ایک عالمی وبا ہے، جو ہر سال لاکھوں افراد کی زندگیوں کا خاتمہ کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ صحت مند زندگی ہمارا بنیادی حق ہے اور ہمیں تمباکو جیسے مہلک عناصر سے خود کو اور اپنی آئندہ نسلوں کو بچانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو صحت مند زندگی اور تمباکو سے پاک ماحول فراہم کرنا حکومت سندھ کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی نہ صرف ایک نقصان دہ عادت ہے بلکہ یہ متعدد مہلک بیماریوں کی جڑ بھی ہے۔ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے تمباکو سے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت تمباکو نوشی کے خلاف مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور عوامی مقامات پر تمباکو پر پابندی کے نفاذ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تمباکو نوشی ترک کریں اور دوسروں کو بھی اس مہلک عادت سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔








