پاک بحریہ کے جہاز تبوک نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول (RMSP) کے دوران کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت سعودی عرب کی زیر قیادت ٹاسک فورس CTF-150 کی معاونت کرتے ہوئے، بحیرہ عرب میں ایک مشکوک ماہی گیر کشتی کو روکا۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد جہاز نے غیر رجسٹرڈ بے نامی کشتی پر ایک بڑی انسدادِ منشیات کارروائی کرتے ہوئے 2000 کلوگرام سے زائد میتھم فیٹامائن (ICE) قبضے میں لے لی۔ ضبط شدہ منشیات کی علاقائی مارکیٹ کے مطابق مالیت 130 ملین امریکی ڈالرز ہے۔
پی این ایس تبوک کی جانب سے یہ حالیہ انسداد منشیات آپریشن گزشتہ دو ماہ میں پاک بحریہ کے جہازوں کی طرف سے کی جانے والی مسلسل تیسری کامیاب کارروائی ہے۔ یہ کامیاب آپریشنز سمندر میں غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف پاک بحریہ کے پائیدار اور غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتے ہیں۔ حالیہ کامیاب آپریشن میں اتنی بڑی مقدار میں منشیات کا پکڑا جانا نہ صرف پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ کمبائند میری ٹائم فورسز(CMF) کے تحت کثیرالقومی ہم آہنگی کی افادیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ اور UNCLOS کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے اپنے مشن میں نہ صرف پر عزم ہے بلکہ باہمی تعاون اور مربوط میری ٹائم سیکیورٹی کوششوں کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔








