پاک بحریہ کی جنگی مشق رباط 2021 کی اختتامی تقریب کا کراچی میں انعقاد ہوا
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ آپریشنل مشق کے دوران بحیرہ عرب میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مابین مشترکہ آپریشنز کوجانچا گیا۔ جنگی مشق کا مقصد پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لینا اور انہیں مستقبل کے خطرات کی مناسبت سے بہتر بنانا تھا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کا کہنا تھا کہ آپریشنل مشقوں کا انعقاد جنگی حکمت عملی کی جانچ اور بہتری میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے تاہم دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ پاک بحریہ ملک کو درپیش میری ٹائم چیلنجز اور ملکی سمندری حدود کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت, آپریشنل تیاری اورمشقوں کے کامیاب انعقاد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔