پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے پرنسپل ڈاکٹر حافظ مسعوداظہر نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کےلئے مشکل ترین حالات میں 1.61کروڑ ڈالر کے معاہدے اور ایک سال کےلئے 1.2 ارب ڈالر تیل کی موخر ادائیگی کی سہولت دینے کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ۔ مشکل ترین معاشی حالات میں خطیر امداد دے کر سعودی عرب نے ثابت کردیا ہے کہ وہ پاکستان کا مخلص دوست ہے ۔اس امداد اور معاہدوں پر پاکستانی قوم خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولیعہد محمد بن سلمان کی شکر گزار ہے ۔انھوں کہا کہ اس سے پہلے بھی سعودی عرب نے سٹیٹ بینک میں موجود 3ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کرکے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے ۔ 1.61کروڑ ڈالر کے معاہدے اور 1.2ارب ڈالر تیل کی موخر ادائیگی کے علاوہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ اور خیبرپختونخوا 41ملین ڈالر کی مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کئے ہیں ۔ یہ خطیر رقم گریوٹی فلو واٹر سپلائی سکیموں پر خرچ کی جائے گی جس سے پہاڑی علاقوں میں پانی کا بہاﺅ بہتر ہوگا اور صوبہ خیبر پی کے خوراک میں خود کفیل ہوگا ۔انھوں نے کہا یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ سعودی عرب نے پاکستان کےلئے امداد کی ہو بلکہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک ہر مشکل وقت میں سعودی حکمرانوں نے مدد کی ہے ۔ گوادر میں آنے والے سیلاب میں متاثرین کی مدد وبحالی کےلئے بھی سب سے پہلے سعودی عرب نے سامان پہنچایا تھا ۔ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں دونوں ممالک کی دوستی ہمالہ سے بلند ، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے اسلئے کہ اس دوستی کی بنیاد کلمہ توحید پر ہے ۔پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہر شعبے میں مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں ۔ دونوں ملکوں کی باہم دوستی کا یہ رشتہ اسی وقت قائم ہوگیا تھا جب پاکستان معرض وجود میں آیا تھا۔ اسی طرح جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو حرمین کے امام پاکستان کی سلامتی کےلئے دعائیں کرتے ہیں۔

پاک سعودی تعلقات ہر شعبے میں مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں ، ڈاکٹر حافظ مسعوداظہر
ممتاز حیدر9 مہینے قبل
کی طرف سے پوسٹ کیا گیاممتاز حیدر
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں
Follow @MumtaazAwan







