کیلیفورنیا سٹیٹ سینیٹ نے متفقہ طور پر 31 کے مقابلے میں 0 ووٹوں سے ایک تاریخی قرارداد منظور کی ہے، جس میں پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات کا جشن منایا گیا ہے اور کیلیفورنیا کی معیشت، معاشرت اور ثقافتی دھارے میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی انمول خدمات کو تسلیم کیا گیا ہے۔

یہ قرارداد کیلیفورنیا سینیٹر میلیسا ہارٹاڈو نے پیش کی، جو کیلیفورنیا کی تاریخ میں سب سے کم عمر خاتون سینیٹر ہیں اور ریاستی سینیٹ کمیٹی برائے زراعت کی چیئرپرسن بھی ہیں۔ قرارداد میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل عرصے سے جاری کئی جہتی تعلقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس میں پاکستانی امریکیوں کے کیلیفورنیا کی ترقی اور معاشی میدان میں اہم کردار کو بھی سراہا گیا ہے، جہاں کیلیفورنیا دنیا کی چوتھی بڑی معیشت ہے۔سینیٹر میلیسا ہارٹاڈو نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا، "آج میں پاکستانی امریکی تعلقات کی بھرپور تاریخ اور کیلیفورنیا میں پاکستانی امریکیوں کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے کھڑی ہوں۔ ان کی کہانی قربانی، وقار اور ثابت قدمی کی داستان ہے۔”

قرارداد میں پاکستانی امریکی کمیونٹی خصوصاً نوجوان نسل کی ثقافتی وابستگی اور فخر کو اجاگر کیا گیا ہے، جو کیلیفورنیا کی متنوع اور جیتی جاگتی کمیونٹیز میں معنی خیز کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط کرتی ہے۔ اس کے علاوہ اس قرارداد میں ان افراد اور تنظیموں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جنہوں نے پاکستانی امریکی ثقافت، روایات اور کامیابیوں کو فروغ دیا ہے۔سینیٹر ہارٹاڈو نے کہا، "امریکہ اور پاکستان کے تعلقات نہ صرف تجارت اور سفارت کاری پر مبنی ہیں بلکہ یہ شراکت داری مشترکہ اقدار جیسے کہ برداشت، جمہوریت اور انسانی وقار پر بھی مبنی ہے۔ جیسے ہم پاکستان کی آزادی کا جشن مناتے ہیں، ویسے ہی ہم امریکہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔”

قرارداد کے موقع پر پاکستان کے امریکہ میں سفیر، جناب رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔ سینیٹر ہارٹاڈو نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، "آئیے ہم سب مل کر ان کا شکریہ ادا کریں جو ہمارے ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی خدمات، قیادت اور عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔”سفیر رضوان سعید نے سینیٹر ہارٹاڈو کی قیادت اور ‘کونسل آف پاکستان’ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اہم اقدام کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کیلیفورنیا سینیٹ کی یہ قرارداد پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر ہمارے دو طرفہ تعلقات کی گہرائی اور عوامی سطح پر روابط کی عکاسی کرتی ہے۔

"گولڈن اسٹیٹ” کے نام سے مشہور کیلیفورنیا ایک عالمی اقتصادی مرکز اور ثقافتی تنوع کی مثال ہے، جہاں پاکستانی امریکیوں کی خدمات سے اس کی ترقی کو نئی بلندیوں پر پہنچایا گیا ہے۔

Shares: