ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)مقبوضہ کشمیرسمیت دنیا بھرمیں مقیم کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں ،کشمیریوں نے آج ہی کے دن 1947ء کو پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا۔
19 جولائی 1947ء کو آبی گزر سرینگر کے مقام پر بانی صدر آزاد جموں و کشمیر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور ہوئی لیکن 26 اکتوبر 1947 کو کشمیر کے مہا راجا نے عوامی خواہشات کے برخلاف بھارت سے الحاق کا اعلان کر دیا جس کے بعد سے اب تک کشمیری عوام نے تکمیل پاکستان کیلئے قربانیوں کی عظیم داستانیں رقم کی ہیں۔
یوم الحاق پاکستان کے موقع پر دنیا بھر میں تقاریب اور مظاہروں کا اہتمام کیا جائے گا، بھارتی مظالم اور قبضے سے آزادی اور جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق یقینی بنانے کیلئے جدوجہد تیز کرنے کے عہد کی تجدید بھی کی جائے گی۔
آزاد کشمیر کے وزیر جاوید احمد بٹ نے کہا ہے کہ بھارت سے مکمل آزادی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے پاکستان کیساتھ الحاق تک کشمیری عوام آج بھی اپنے آباؤ اجداد کی طرح مختلف محاذوں پر جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا بھارت کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق سے محروم رکھنے کیلئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے، صرف 90 کی دہائی سے اب تک بھارت نے 97 ہزار کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 7 دہائیوں میں 5 لاکھ سے زائد کشمیریوں نے مقبوضہ وادی کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا
بھارتی سکیورٹی فورسز کے بدترین مظالم اور کٹھ پتلی انتظامیہ کے ہتھکنڈے بھی کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکے ہیں۔