وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں اقلیتوں کے قابل فخر کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن ، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، یہاں نفرت ، فتنہ فساد ،انتشار اور دہشت گردی کیلئے کوئی گنجائش نہیں ، اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور حکومت نے ان کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں دیوالی کے تہوار پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزراء ، اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور مختلف اقلیتی برادریوں کے سرکردہ زعماء موجود تھے۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں اقلیتوں اور اکثریت کے مذہبی ، سیاسی نمائندوں کی موجودگی تصور پاکستان کی عملی تصویر ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 11 اگست کی تقریر میں اعلان کیا تھا کہ تمام مذاہب کے ماننے والے پاکستان میں اپنی عبادت گاہوں میں کسی خوف اور ڈر کے بغیر اپنی عبادت اور رسومات ادا کرسکتے ہیں ، انہیں مذہبی آزادی حاصل ہے ، قیام پاکستان سے دفاع پاکستان تک ہر محاذ پر اقلیتی برادریوں نے جس طرح قابل فخر کردار ادا کیا ہے اس پر ہمیں ناز ہے ۔ آج کا دن اس حقیقت کو مزید نمایاں کرتا ہے کہ مسلم اور غیر مسلم پاکستانی مل کر وطن عزیز کیخلاف ہونے والی کسی بھی شر انگیزی اور حملے کا مقابلہ کرتے ہیں اور اقلیتوں کیساتھ کسی بھی نا انصافی کے قابل افسوس اور قابل مذمت واقعات کو پاکستان کی اکثریت نے کبھی بھی پسند نہیں کیا اور ہمیشہ اس کی مذمت کی ہے ۔ وزیر اعظم نے تعلیم، صحت سمیت تمام شعبوں میں اقلیتوں کی گراں قدر خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں میں ان کی نمائندگی موجود ہے ، مسلم لیگ ن کی حکومت میں کھیئل داس کوہستانی وزیر مملکت ہیں، ہندو مسیحی برادری کے ممبران سینیٹ اسمبلیوں میں موجود ہیں۔
وزیر اعظم نے اقلیتوں کیلئے حکومتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی منظوری دی جا چکی ہے ، حکومت کی دوسری بڑی کامیابی قومی اقلیتی کمیشن بل کی سینیٹ و اسمبلی سے منظوری ہے تاکہ کمیشن کو قانونی طور پر مضبوط کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو پرائمری سے یونیورسٹی کی اعلیٰ تعلیم تک وظائف دیئے جا رہے ہیں ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت مختلف پروگراموں میں بھی ان کو شامل کیا گیا ہے ، میرٹ کے علاوہ ان کیلئے سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص ہے، ان کے مذہبی تہواروں پر انہیں تعطیلات دی جاتی ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اجالوں، امن، ہم آہنگی اور برداشت و تحمل کی سرزمین ہے، یہاں نفرت ، فتنہ فساد، انتشار اور دہشت گردی کیلئے کوئی جگہ نہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے اندھیروں اور نفرت کی تاریکی کو مٹانے کی جدوجہد میں اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہندو برادری کے ہمراہ دیوالی کا کیک بھی کاٹا۔ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں دیوالی کے موقع پر تقریب کے انعقاد پر ہندو برادری نے شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج دیوالی کا پروگرام پرامن پاکستان کا پیغام دیتا ہے، پاکستان ایک امن پسند خطہ ہے۔ وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف نے 2015ء میں بطور وزیر اعظم دیوالی کا تہوار سرکاری سطح پر منایا، رواں سال سرکاری سطح پر وزیراعظم ہاؤس میں دیوالی کے پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مدرسوں پر حملے کئے لیکن پاک فوج نے جوابی کارروائی میں کسی مذہبی مقام یا سول آبادی پر حملہ نہیں کیا، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام آئینی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے ، بھارت میں تمام اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے مودی کا تکبر خاک میں ملا دیا۔