ایشیا میں کرکٹ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ اس کا فیصلہ آج ہوگا جب پاکستان اور بھارت ٹی20 ایشیا کپ کے فائنل میں دبئی کے میدان میں ٹکرائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں دونوں روایتی حریف آمنے سامنے ہوں گے، جس نے شائقین کے جوش و خروش کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پری میچ پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم دباؤ کے باوجود بہترین کارکردگی دکھائے گی اور ایشیا کپ جیت کر رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دباؤ دونوں ٹیموں پر برابر ہے لیکن پاکستان فتح کے لیے پرعزم ہے۔
اب تک کے ریکارڈ کے مطابق دونوں ٹیمیں 5 بار فائنل میں آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں پاکستان نے 3 جبکہ بھارت نے 2 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے اگرچہ پاکستان کو روایتی حریف تسلیم کرنے سے انکار کیا، لیکن تاریخ پاکستان کے حق میں رہی ہے۔
ایشیا کپ کے موجودہ ایڈیشن میں پاکستان بھارت کے خلاف دو میچ ہارا ہے مگر باقی ٹیموں کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان نے بنگلادیش کو 11 رنز سے ہرایا جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے شائقین سے وعدہ کیا ہے کہ بھارت کے خلاف بدلہ لیا جائے گا۔بھارت نے سپر فور میں سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز مقابلہ برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں فتح حاصل کی تھی۔
فائنل کے لیے دبئی اسٹیڈیم مکمل طور پر ہاؤس فل ہے، 28 ہزار سیٹوں کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ پاکستانی شائقین بھی پرجوش ہیں اور توقع ظاہر کر رہے ہیں کہ شاہین شاہی، حارث رؤف اور فرحان محمود ٹیم کو کامیابی دلائیں گے۔کپتان سلمان علی آغا کے مطابق فائنل میں پلینگ الیون کا فیصلہ پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر کیا جائے گا، چاہے اسپنرز ہوں یا فاسٹ بولرز۔
آج کا یہ فائنل نہ صرف ایشیا میں کرکٹ کے سب سے بڑے روایتی مقابلے کا گواہ بنے گا بلکہ دونوں ٹیموں کے لیے وقار اور اعزاز کا بھی سوال ہے۔