پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، جہاں بھارتی فوج کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے اور متعدد بھارتی فوجی پوسٹوں کو تباہ کر دیا ہے۔پاک فوج نے چری کوٹ کے بلمقابل جبڑی پوسٹ پر شدید جوابی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کی یہ پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پورے علاقے میں آگ کی لپیٹ میں آنے کے بعد بھارتی فوج کے جوان اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ فوٹیج میں واضح طور پر یہ مناظر دکھائی دے رہے ہیں جہاں پوسٹ سے دھواں اٹھتا نظر آ رہا ہے۔

مزید تفصیلات کے مطابق، پونچھ سیکٹر میں پاک فوج کی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے 93 بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹر کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ اس کی ویڈیو بھی سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے سامنے آئی ہے جس میں اس بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر کی تباہی کے مناظر صاف طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔اس سے قبل، اڑی سیکٹر میں بھی 12 بریگیڈ کی بھارتی فوجی پوسٹ کو پاک فوج نے شدید حملے کا نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کو پسپائی اختیار کرنی پڑی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائیوں نے بھارتی فوج کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔

پاکستان کی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے دفاع میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں برتیں گی۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور ان کی پوسٹوں کو تباہ کر دیا ہے۔

Shares: