سوات اور باجوڑ میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج نے فلڈ ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پاک فوج کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر پہنچ کر لوگوں کی مدد میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں تاکہ کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ خاص طور پر باجوڑ میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ہیلی کاپٹروں کے ذریعے راشن، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ وہاں پھنسے ہوئے افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ پاک فوج کی موجودگی اور امدادی کاموں کو دیکھ کر مقامی افراد نے ’پاک فوج زندہ باد‘ کے نعرے بلند کیے۔

پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ تمام سیلاب زدگان کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک فلڈ ریلیف آپریشن جاری رہے گا اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سیلاب زدہ علاقوں کا رخ نہ کریں اور حکومتی اور فوجی ٹیموں کے کام میں تعاون کریں۔سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

Shares: