![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2022/08/665339_29400672-1.jpg)
اسلام آباد:سوات،کمراٹ اور دیر میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن:درجنوں افراد محفوظ مقامات پرپہنچا دیئے ،اطلاعات کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے سوات میں محصور 110 افراد کو ریسکیو کر کے کانجو کینٹ منتقل کردیا، آئی ایس پی آر نے متاثرین کے لیے نمبرز بھی جاری کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے سوات میں محصور خاندانوں کو نکالنے کے لیے کامیاب پروازیں کیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعےخوازہ خیلہ میں پھنسے 110 افراد کانجو کینٹ منتقل کردیے گئے، ریسکیو کیے گئے افراد کو کھانا اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔
پاک فوج نے سیلاب کے باعث سوات میں پھنسے اسپین سے تعلق رکھنے والے سیاح جوڑے کو بحفاظت ریسکیو کرلیا ہے۔ہسپانوی جوڑے نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے وادی سوات میں پھنس گئے تھے، پاکستان آرمی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں ریسکیو کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم بہت بُرے پھنس گئے تھے، بہت مشکل میں تھے، بارش زیادہ تھی اور دریا میں طغیانی تھی۔ جوڑے نے اردو میں اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا: ’شکریہ پاکستان آرمی‘۔
Spanish tourists rescued from Swat valley by Pak army. Pakistan army zindabad!!#FloodSituation #FloodinPakistan #PakArmyRescueEfforts pic.twitter.com/kTGE4auX6K
— Pak-Afghan Monitor (@OlasNama) August 28, 2022
دوسری جانب پاک فوج نے کمراٹ اور دیر میں ریسکیو آپریشن کیا اور کئی گھنٹے سے پھنسے سیاحوں کو بچالیا۔ایک خاتون سیاح نے پاک فوج سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ساتھ ہم پھنس گئے تھے، پاک فوج نے ہمیں بچالیا، پاک فوج کے افسر اور جوان میرے بیٹے ہیں۔
لاہور سے تعلق رکھنے والی سیاح نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم منگل سے کالام میں پھنسے ہوئے تھے،ہمیں بتایا گیا کہ ہر زمینی راستہ منقطع ہوچکا ہے، ہمیں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر کے علاوہ ریسکیو کا کوئی راستہ نہیں، ہم نے اپنے خاندان دوستوں کو کہا کہ میڈیا کے ذریعہ پاک فوج تک ہماری آواز پہنچائیں، سیاح لڑکی کا کہنا ہے اللہ کا شکر ہے کہ آرمی نے ہمیں ریسکیو کیا، میری ایک سسٹر ابھی بھی پھنسی ہوئی ہیں، انہیں ایک دوسرے ہیلی کاپٹر پر لایا جارہا ہے، شکریہ پاک آرمی اگر آج محفوظ ہیں تو پاک آرمی کی وجہ سے ہیں،
کالام،کمراٹ، خوازہ خیلہ اور سوات کے دیگر علاقوں میں پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، ملک کے مختلف علاقوں سے سیاحت کیلئے سوات آنے والے شہری سوات میں پھنس گئے تھے،پھنسے ہوئے سیاحوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے
یہ بھی یاد رہے کہ پاک فوج نے صرف سوات میں ہی 47 ریلیف کیمپس قائم کئے ہیںریسکیو کئے جانے والے افراد میں غیر ملکی،خواتین اور بچے شامل ہیں.ریسکیو کئے جانے والے افراد نے برقت کارروائی پر پاک فوج سے اظہار تشکر کیا
اس موقع پر آرمی ایوی ایشن پائلٹس نے عزم مصمم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی خرابی کے باوجود ہم آرام سے نہیں بیٹھ سکتے تھے، ہماری مائوں، بہنوں، بھائیوں اور بچوں کے چہرے ہمارے سامنے تھے،
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دیر اسکاؤٹس کی جانب سے فلڈ ریلیف سینٹر قائم کردیا گیا ہے، جبکہ دیر اسکاؤٹس کنٹرول رومز کے نمبر بھی جاری کردیے گئے ہیں۔