پاکستان اور چین ترقی کےمنصوبوں پر کام جاری رکھیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

pak chaina

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین پائیدار ترقی، قابل تجدید توانائی، ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور صنعتی منصوبوں پر کام جاری رکھیں گے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کے پچہترویں قومی دن پرچینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس پرمسرت موقع پر چینی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد بھی دی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ دور اندیش قیادت کے تحت چین کی پچہتر سالہ ترقی کا سفر دنیا میں کئی ممالک کےلیے مثال ہے۔ چین نے مختصر وقت میں جو تیز ترین معاشی ترقی، ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش رفت اور سماجی ترقی کی ہے وہ کسی سنگ میل سے کم نہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے تاریخی اور مضبوط سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ پاک چین شراکت داری کا سنگ بنیاد رکھنے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرمین ماؤ زی ڈونگ کے تعلقات اہم ہیں۔ شہید بےنظیر بھٹو نے بھی چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے اور اب نوجوان قیادت بلاول بھٹو زرداری بھی چین کو برادر ملک اور دوست سمجھتے ہیں۔

لندن میں امریکی سفارتخانے کے سامنے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے مظاہرہ

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں انفرااسٹرکچر کی تعمیر کےلیے چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ سی پیک نے پاک چین تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سندھ اس شراکت داری کی پہلی صف میں موجود ہے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ انفرا اسٹرکچر، صنعت ، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبے میں پاک چین تعلقات مشترکہ ویژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ چین کی مہارت اور سندھ کے وسائل کو ملا کر عوام کے روشن مستقبل کےلیے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دورے کے دوران کئی معاہدوں پر دستخط سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی توانائی ملی ہے۔ ہم اکتوبر میں اسلام آباد شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے منتظر ہیں جس کی میزبانی کا اعزاز پاکستان کو ملا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس اہم موقع پر چینی وزیراعظم لی جیانگ کا استقبال کرنے کےلیے بےچین ہے۔ کانفرنس میں چینی وزیراعظم کی شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے کےلیے اعلیٰ سطح کے رابطوں کا موقع ملے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صدر آصٖف علی زرداری سمجھتے ہیں کہ نومبر میں ان کا دورہ نہ صرف سی پیک کے تحت مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھائے گا بلکہ نئے شعبوں میں بھی تعلقات بڑھانے کا موقع ملے گا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح کے دورے سی پیک اور پاک بھارت دیرینہ شراکت داری سے علاقائی استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے غیرمتزلزل عزم کے عکاس ہیں۔

Comments are closed.