وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے رابطہ کرکے دوحہ میں حماس قیادت پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم نے امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر سے جانی اور مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسرائیل کی دوحہ میں غیر قانونی اور سنگین بم باری کی شدید مذمت کی۔وزیرِ اعظم نے جانی نقصان اور شہری املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، پاکستان قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ امیرِ قطر نے اظہارِ یکجہتی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اظہارِ تشکر کیا۔ا س موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق بھی کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں اسرائیلی فوج کی بمباری کی شدید مذمت کی جس میں ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوا۔
وزیر اعظم کے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ غیر قانونی اور بزدلانہ کارروائی نہ صرف قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کی بھی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اسرائیلی اقدام کو غیر ضروری اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔
ایشیا کپ 2025: بھارتی کپتان محسن نقوی سےمصافحہ کرنے پر غدار قرار
قطر پر اسرائیلی حملے پر اقوامِ متحدہ کی شدید مذمت