اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ایران کے ڈپٹی اسپیکر علی نیکزاد کی سربراہی میں پارلیمانی وفد سے ملاقات ہوئی ہے

ملاقات میں پاک ایران تعلقات، پارلیمانی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے علاقائی استحکام اور ترقی کے لیے تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ ہمسایہ ممالک ہیں، جو مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت کے مضبوط رشتوں سے جڑے ہیں، اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایرانی اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کے حالیہ دورے کو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی سطح پر تعاون بڑھانے اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔ملاقات میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان ایرانی عوام کے لیے دوسرا گھر ہے،بھارت کے ساتھ جنگ میں ایران کی حمایت پر پاکستان شکر گزار ہے، پاکستان نے 7 رافیل طیارے مار گرائے اور بھارت کو شکست دی، پاکستان ہمیشہ امن اور تنازعات کے پرامن حل کا خواہاں ہے، افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہورہی ہے،پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے،اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو پارلیمنٹ نے یک زبان قرارداد کے ذریعے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی، ایران اور پاکستان کے مشترکہ دشمن بھی ہیں، جن میں اسرائیل شامل ہے،ایران کو اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں،

اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایرانی ڈپٹی اسپیکر کے اگلے پانچ سال کے ترقیاتی پروگرام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ایرانی ڈپٹی اسپیکر نے اسلام آباد میں حالیہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔ایرانی ڈپٹی اسپیکر نے پاکستان کی بارہ روزہ جنگ میں حمایت کو سراہا اور اسے یادگار قرار دیا۔اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،ملاقات میں پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی شرکت کی۔

Shares: