پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کا وفد کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے)پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر ہارون احمد ملک نے وفد کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور سیالکوٹ میں فٹ بال کے فروغ کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے سیالکوٹ چیمبر آمد پر مہمانو ں کا پرتپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر نے کہا کہ سیالکوٹ پاکستان کا وہ واحد برآمدی شہر ہے جہاں تیار ہونے والی 99 فیصد مصنوعات برآمد کر دی جاتی ہیں ، یہ مصنوعات بین الاقوامی منڈی میں اہم مقام رکھتی ہیں اور ان کی بے حد مانگ بھی ہے،

ان مصنوعات میں کھیلوں کا سامان، آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات، گلوز ، آلات موسیقی،مارشل آرٹ یونیفارم، کٹلری اور ملٹری یونیفارم ، شوز ، سپورٹس بیگز اور بیجز قابل ذکر ہیں جن کی برآمد سے سالانہ تقریباً 2.5 بلین امریکی ڈالر سے زائد کا قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوتا ہے جو کہ ملکی معیشت کو استحکام بخشنے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔

صدر سیالکوٹ چیمبر نے مزید کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ سیالکوٹ کے تیار کردہ فٹبال، ہاکی، کرکٹ بیٹ ، باکسنگ گلوز اور سپورٹس ویئرز اولمپکس، ورلڈ کپ، ایشین گیمز اور دوسرے عالمی مقابلوں میں استعمال کئے جاتے ہیں، دنیا بھر کے نامور کھلاڑی سیالکوٹ کے تیار کردہ سپورٹس گیئرز استعمال کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کو عالمی معیار کے فٹ بالز کی تیاری میں بھی نمایاں مقام حاصل ہے ،ٹینگو 1978 ،فیور نووا2002 ، برازوکا 2014،فیفا ورلڈکپ 2018 ٹیلسٹار Fiver اور الریحلہ فیفا ورلڈ کپ 2022 اور کا آفیشل میچ بال بھی سیالکوٹ کا تیار کردہ ہے ، جو سیالکوٹ اور بالخصوص پاکستان کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔

عبدالغفور ملک نے کہا کہ صدر پی ایف ایف ہارون ملک کی زیر نگرانی پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو خاصا فروغ حاصل ہو رہا ہے، جس کی بڑی مثال پاکستان میں فٹبال لیگ کا انعقاد ہے،فٹبال قومی ٹیم پہلی دفعہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائی راؤنڈ میں عمدہ کار کردگی اور پاکستان میں کوالیفائرز میچز کا انعقاد فیڈریشن کی بہتر کار کردگی کا مظہر ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کی فٹبال ٹیم مزید کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرے گی۔

صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن ہارون ملک نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر میں آنا میرے لیے اعزاز ہے کیونکہ سیالکوٹ پاکستان کا ایکسپورٹ ہب ہے ، سیالکوٹ کا تیار کردہ فٹبال دنیا میں نمبر 1 پر ہے ۔ صدر پی ایف ایف نے کہا کہ پاکستان فٹ بال ٹیم ویسے تو ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرتی مگر سیالکوٹ کا تیار کردہ فٹبال ہر ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے جس کا سہرا سیالکوٹ کو جاتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایف ایف اور سیالکوٹ چیمبر کی مشترکہ کاوشوں سے سیالکوٹ میں بین الاقوامی معیا ر کے تیارکردہ فٹ بال کی طرح پاکستان کی فٹ بال کی ٹیم بھی تیار کی جائے گی جو فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔

صدر پی ایف ایف نے کہا کہ پاکستان میں پہلی دفعہ نیشنل فٹبال کپ میں بین الاقوامی آفیشل کو دعوت دی گئی، پاکستان کے 11 کھلاڑیوں کے دنیا کے مشہور فٹبال کلبز کے ساتھ کنٹریکٹ ہوئے، اگلے ماہ اسلام آباد میں خواتین فٹبالرز کے لیے نیشنل ویمن چیمپئن لیگ منعقد کی جارہی ہے ۔

اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں پی ایف ایف ، سیالکوٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر سیالکوٹ میں ریجنل اور صوبائی سطح کے فٹبال ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے کوشاں ہیں، جس کو بہت جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں فٹبال اکیڈمی بنانے کی بھی تیاری کی جارہی ہے جس سے سیالکوٹ کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور سیالکوٹ میں فٹبال کو مزید فروغ ملے گا۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس میں سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر وہب جہانگیر ، نائب صدر عامر مجید شیخ، چئیرمین ائیر سیال فضل جیلانی، صدر ڈسٹرکٹ فٹبال شامل ہیں .

Leave a reply