اسلام آباد: پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن نیشنل ہیڈ کوارٹرز نے 10 اکتوبر 2024 کو لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر "پاکستان گرلز ایمپاورمنٹ فورم- مستقبل کا وژن” کے عنوان سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں 500 گائیڈز اور طالبات نے شرکت کی۔ یہ تقریب یونیسیف پاکستان، وزارت انسانی حقوق اور بچوں کے حقوق کے قومی کمیشن کے تعاون سے منعقد کی گئی۔تقریب کے دوران لڑکیوں نے صحت، غذائیت، واش (پانی، صفائی، اور حفظان صحت)، جذباتی صحت اور قیادت کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ تقریب میں پاکستان بھر سے 70 گرلز ایمپاورمنٹ چیمپئنز نے حصہ لیا، جنہوں نے ان سرگرمیوں کو سیکھا اور بعد ازاں انہیں دیگر گائیڈز کے ساتھ شیئر کیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی مسز نزہت صادق تھیں، جو وزیر اعظم پاکستان کی نمائندگی کر رہی تھیں۔ پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کی نیشنل کمشنر مسز ماریہ موعود صابری نے مہمانوں کا استقبال کیا اور گائیڈنگ کے پروگرام اور سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ گائیڈنگ لڑکیوں کو مستقبل کے لیے لیڈرز تیار کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے اور انہیں ہر مشکل کا سامنا کرنا سکھاتی ہے۔ مسز صابری نے ایسوسی ایشن کے حالیہ پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے فنانشل لٹریسی، چائلڈ ڈومیسٹک لیبر کے خلاف بیج، پراجیکٹ سٹے سیف، اور دیگر اہم منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ چھاتی کے کینسر، ٹی بی کی روک تھام، اور تمباکو نوشی کے خلاف مہم بھی گائیڈز پروگرام کا حصہ ہیں۔
پینل ڈسکشن میں معروف شخصیات، جیسے کہ رکن قومی اسمبلی محترمہ ذہرا ودود فاطمی، سابق رکن قومی اسمبلی محترمہ مہناز اکبر عزیز، پاکستان ویمن نیشنل فٹ بال ٹیم کی ملیکہ نور، اور یونیسیف کی جینڈر اینڈ ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ محترمہ فہمیدہ خان شامل تھیں۔ اس پینل ڈسکشن کا عنوان "انسپائرنگ گرلز: شئیرنگ ایکسپرینس بائی رول ماڈلز” تھا، جس میں مقررین نے لڑکیوں کو بڑے خواب دیکھنے اور غیر روایتی کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔مسز نزہت صادق نے اپنی تقریر میں نوجوان لڑکیوں میں قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر لڑکیوں کو نوجوانی کے دور میں سپورٹ کیا جائے تو وہ کل کی کامیاب کارکن، ماں، کاروباری شخصیت اور سیاسی رہنما بن سکتی ہیں۔تقریب کے دوران گرل چیمپئنز نے پینٹنگ کے ذریعے مستقبل کے لیے اپنے وژن کا اظہار کیا، جس سے ماخوذ ایک وژن سٹیٹمنٹ وزیر اعظم پاکستان کو پیش کرنے کے لیے مہمان خصوصی کے حوالے کیا گیا۔
پاکستان گرل گائیڈز نے لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر فورم کا انعقاد کیا
