جودھ پور انڈیا میں گیارہ پاکستانی ہندو تارکین وطن کی پراسرار موت، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ویڈیو پیغام جاری کردیا۔ رکن قومی اسمبلی اورپاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے ایک ویڈیو بیان میں پاکستانی ہندو گھرانے کی موت کو افسوسناک سانحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہندو شرنارتھیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے فارن آفس سے بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمارنے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت تحقیقاتی رپورٹ پاکستان سے فوری طور پر شیئر کرے۔ انہوں نے پاکستان ہندو کونسل کی طرف سے بھارتی حکومت کو پانچ دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہندو کونسل ڈپلومیٹک انکلیو میں انڈین ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی دھرنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خاندان کا ایسے مارا جانا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن کو پوسٹ مارٹم اور ایف آئی آر کی کاپی فراہم نہیں کی گئی جب کہ پاکستانی ہائی کمیشن کو رسائی نہ دینا شکوک وشبہات کو جنم دیتا ہے۔ پاکستان ہندو کونسل نے افسوس ناک سانحہ کے فوراً بعد مظلوم گھرانے کیلئے آوازبلند کی۔ایک ماہ گزرگیا لیکن کوئی معلومات شیئرنہیں کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ اس افسوس ناک سانحہ کوعالمی سطح پراٹھانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمارنے واضح کیا کہ مظلوم ہندو کمیونٹی کیلئے آواز اٹھانا پاکستان ہندو کونسل کا فریضہ ہے۔ بھارتی حکومت اپنی سرزمین پر موجود تمام پاکستانی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

Shares: