اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بھارت میں شیڈول جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے میچز دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کو ایک باضابطہ خط ارسال کیا ہے جس میں پاکستان ٹیم کے لیے بھارت میں سکیورٹی خدشات کو نمایاں کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قومی جونیئر ٹیم کے میچز بھارت کے بجائے کسی غیر جانبدار مقام پر کرائے جائیں۔پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں حالیہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے بین الاقوامی فیڈریشن کو چاہیے کہ کھلاڑیوں کے جان و مال کے تحفظ کو ترجیح دے اور میچز کا انعقاد کسی ایسے ملک میں کرے جہاں غیر جانبدار ماحول میسر ہو۔

جونیئر ہاکی ورلڈکپ رواں برس 28 نومبر سے بھارت میں شروع ہوگا اور 11 دسمبر تک جاری رہے گا۔ پاکستان کی شرکت اس بار بھی غیر یقینی نظر آ رہی ہے کیونکہ اس سے قبل قومی ٹیم نے بھارت میں ہونے والا ایشیا کپ بھی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نہیں کھیلا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کی جانب سے بھیجے گئے خط پر ایف آئی ایچ غور کرے گی اور آئندہ چند روز میں اس حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔

Shares: