سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دنیا کو پیغام چلا گیا ایشیا کی سُپر پَاور پاکستان ہے، اس جنگ کو میڈیا اور سوشل میڈیا کے ساتھ 24 کروڑ عوام نے جیتا ہے، پاکستان کی میڈیا نے صرف سچ دیکھا اور بولا-
کراچی میں پی پی پی کی جانب سے یومِ تشکر کے پیشِ نظر منقعدہ تقریب سے خطاب کے دوران وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ لیڈر شپ کی ہدایت پر سندھ بھر میں یومِ تشکر و یومِ فتح منا رہے ہیں بلاول بھٹو نے انٹرنیشنل میڈیا میں پاکستان کی جنگ لڑی ہمیں ایٹمی قوت ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا، بھارت کے خلاف حالیہ جنگ میں سپریم کمانڈر کی حیثیت سے صدر آصف علی زرداری بھی موجود تھے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاک افواج نے بھارت کو دھول چٹائی، یہ تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا، دشمن کو شکست دینے پر پاک افواج کو سلام پیش کرتا ہوں، دنیا کو پیغام چلا گیا ایشیا کی سُپر پَاور پاکستان ہے، اس جنگ کو میڈیا اور سوشل میڈیا کے ساتھ 24 کروڑ عوام نے جیتا ہے، پاکستان کی میڈیا نے صرف سچ دیکھا اور بولا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جنگ میں فتح کے بعد بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں، تقریب میں اصل ہیروز افواجِ پاکستان کے جوان ہیں ہم نے ایسی فتح حاصل کی ہے جس سے پوری قوم متحد ہو گئی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما تقریب میں شریک ہوئے ہیں، ہمیں کوئی بھی طاقت ہرا نہیں سکتی، مودی کو رافیل پر گھمنڈ تھا، ہماری فضائیہ نے رافیل گرائے، بھارت کے خلاف آپریشن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد کیا گیا ہم نے میڈیا کی جنگ میں بھی فتح حاصل کی، سو شل میڈیا نے بھارتی میڈیا کو زیرو بنا دیا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھارتی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی خاندان ایک کروڑ جبکہ زخمی ہونے والوں کے لیے فی کس 10،10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ نےمشکل وقت میں ہماری مدد کی ، قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مضبوط رہی ، پہلگام واقعہ سوچی سمجھی سازش تھی بھارت نے رافیل توخرید لیے مگر چلانے والے نہیں ہیں، افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں ،پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کی آنکھیں نکال دیں گے۔