وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور، رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک پر دوبارہ کوئی 12 اکتوبر کی طرح کا بحران مسلط نہ ہوا تو پاکستان دو سال میں اپنے معاشی بحران سے نکل جائے گا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات کی بدولت ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، اور دو سال میں پاکستان کی معاشی حالت میں واضح بہتری دیکھنے کو ملے گی۔رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ حکومت نے مہنگائی کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے مہنگائی کی شرح 38 سے 40 فیصد سے کم ہو کر 3 سے 4 فیصد تک آ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی رفتار کو کنٹرول میں رکھا جا رہا ہے اور حکومت اسے مزید نیچے لانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے منارٹی کارڈ اور دیگر سماجی فلاحی پروگرامز کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پروگرامز کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقوں کو سہارا فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں آسانی آئے۔ حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوں اور انہیں بنیادی سہولتیں میسر آئیں۔رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ جب بھی پاکستان کی خدمت کا موقع ملا ہے، حکومت نے بھرپور انداز میں اس موقع سے فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت میں وفاقی حکومت اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں ملک کو آگے بڑھانے کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں اور اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین حکومت کی کارکردگی کے خلاف کوئی نکتہ نہیں تلاش کر پاتے، اس لیے وہ سرکاری اشتہارات کو موضوع بنا کر اسے مسئلہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اگر ملک میں سیاسی استحکام رہا تو پاکستان جلد ہی معاشی بحران سے باہر نکلے گا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو مہنگائی اور دیگر معاشی مسائل سے نجات دلائی جائے، اور پاکستان ایک مضبوط معیشت کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔

Shares: