پاکستان کے فیصلے ٹرمپ نہیں کرے گا،مولانا فضل الرحمان

fazal

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کا فیصلہ عدالت کرے گی ،

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا فیصلہ عدالت کرے گی، اور اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔ عمران خان کی رہائی کا معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار میں ہے، اور یہ عدلیہ کا فیصلہ ہوگا۔مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ واقعات پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایک دن بھی چلنے کا جواز نہیں مل رہا۔ "جو کچھ اسلام آباد میں ہوا ہے، وہ بہت افسوسناک اور اچھا نہیں تھا۔ حکومت کو فوراً مستعفی ہو جانا چاہیے،” جے یو آئی کے سربراہ نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کی ممکنہ کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا، "کیا پاکستان کے فیصلے ٹرمپ کرے گا؟ انا للہ و انا الیہ راجعون، پاکستان کے فیصلے ٹرمپ نہیں کرے گا۔” مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیاست اور فیصلے پاکستان کے عوام اور ان کی منتخب حکومت کے ہاتھ میں ہیں، نہ کہ کسی غیر ملکی قوت کے۔

اس موقع پر انہوں نے موجودہ حکومت کے بارے میں بھی سخت تبصرہ کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ "عوامی رائے کے مطابق جو حکومت نہیں بنے گی وہ مسائل پر قابو نہیں پاسکتی۔” ان کا کہنا تھا کہ اس وقت خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور وہاں حالات انتہائی ابتر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم صوبے کو مرکز سے لڑانے کے حق میں نہیں ہیں اور نہ ہی کسی صوبے میں گورنر راج کے حق میں ہیں۔”انہوں نے کہا کہ "کسی پارٹی پر پابندی لگانا یا گورنر راج نافذ کرنا مسائل کا حل نہیں ہے۔ اس وقت ایسے حالات نہیں ہیں کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے کوئی امید رکھی جاسکے کہ مسائل حل ہو سکیں۔” مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوامی مشکلات کا حل نکالے اور بحرانوں کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

مولانا فضل الرحمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر ملک کے مفاد میں کام کریں، نہ کہ اپنی ذاتی مفادات کے لیے تصادم کریں۔ پاکستان کے مسائل کا حل صرف جمہوری طریقہ کار اور عوامی نمائندگی میں ہی ممکن ہے۔

Comments are closed.