پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان رب کریم کا انعام ، اس کے مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، جس نظریئے پر پاکستان کا قیام عمل میں آیا، آج اسی نظریے پر قوم کو دوبارہ متحد کرنے کی ضرورت ہے، مرکزی مسلم لیگ نے ہفتہ آزادی کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے تاکہ قوم میں جذبۂ حب الوطنی کو مزید فروغ دیا جا سکے،

ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک اور رہنما انجینئر حارث ڈار نے خطبات جمعہ کے اجتماعات سے خطاب،بعد ازاں پارٹی کارکنان کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بنیاد لا الہ الا اللہ پر رکھی گئی تھی آج بھی دو قومی نظریہ ہماری سیاسی، سماجی اور نظریاتی بقا کی ضمانت ہے،نوجوان نسل کو اس نظریے سے روشناس کرانا علما کرام کی ذمہ داری ہے،آزادی پاکستان جیسی تحریک ہی مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضامن ہے، ہمیں مایوسی سے نکل کر امید، یگانگت اور قومی فخر کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا، ہمیں اپنے نظریاتی تشخص کا ہر قیمت پر دفاع کرنا ہے،

قاری محمد یعقوب شیخ،حافظ خالد نیک،انجینئر حارث ڈار کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی تہذیب نبی مکرم ﷺ کے بیان کر دہ بنیادی حقوق کا مقابلہ نہیں کر سکتی،مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل سیرت رسول ﷺ پر عمل پیرا ہونے میں ہے، مسلمانوں کے باہمی تشدد اور قتل و غارت گری نے امت کو جس قدر نقصان پہنچایا ہے اتنا کسی چیز سے نہیں پہنچا،بیرونی قوتوں کی شروع دن سے کوشش رہی ہے کہ کلمہ گو مسلمانوں کاسازشوں کا شکار کر کے انہیں آپس میں لڑایا جائے، یہ دشمنان اسلام کا پرانا طریقہ ہے،وہ باہم دشمنیاں پروان چڑھا کر اپنے مذموم ایجنڈے پورے کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ہمیں دشمنوں کی سازشوں کا منبر و محراب سے بھی توڑکرنا ہو گا.

Shares: