پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں پاکستانی شہروں پر کیے گئے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے فوری اور منہ توڑ جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، بھارتی جارحیت قابلِ مذمت ہے اور یہ حملے بھارت کی بزدلی اور کمزوری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے رافیل طیاروں سمیت پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جو اس بات کی علامت ہے کہ افواجِ پاکستان دفاع وطن کے لیے ہر وقت تیار اور بیدار ہیں۔بھارتی حملے میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں.
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر محاذ پر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ میں قوم شریک ہو، مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان زخمیوں کی تیمارداری کے لیے ان کے گھروں میں جائیں گے،مرکزی مسلم لیگ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت جیسے ازلی دشمن کے مقابلے کے لیے ہر سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے گی، آج کا دن پاکستانی قوم کے اتحاد اور افواج کے جذبۂ شہادت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
خالد مسعود سندھو نے مرکزی مسلم لیگ کے تمام کارکنان کو ہنگامی حالات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت حال میں قومی دفاع کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔