پاکستان نے بھارت کے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا، بھارت نے شکست تسلیم کر لی
پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کے بھرپور جواب نے بھارتی فوج کی ہمت توڑ دی، اور بھارت نے سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے رات کی تاریکی میں کی جانے والی جارحیت کے بعد، پاکستان نے فوری طور پر بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، جبکہ بھارتی فوج کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں تصدیق کی کہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے ہیں، اور پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں فضائی برتری حاصل کرلی ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق، مار گرائے گئے طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ بھی مار گرایا، جو ایوانتی پورہ کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل کے علاقے میں تباہ ہوا۔ اس کے علاوہ، پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا اور تباہ کردیا۔
بھارتی میڈیا نے اپنے 3 طیاروں کے مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا، اور پاکستان کی فوج نے دشمن کی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بھارت نے سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، اور یہ بھارتی میڈیا کے لیے بھی ایک شکست ہے۔
پاکستان نے بھارتی حملے کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آگاہ کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا اور یہ بھی کہا کہ پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔
پاکستانی فوج نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ کو تباہ کیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے برنالہ سیکٹر میں بھارتی ڈرون مار گرایا۔ سیالکوٹ پولیس اور سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کوٹلی لوہاراں میں بھارت کے 2 ڈرون مار گرائے، ایک ڈرون پھٹ گیا اور دوسرا فوج نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ نارووال میں بھی پاکستان نے بھارتی ڈرون مار گرایا، اور ایک بھارتی ڈرون ظفروال کے گاؤں تہرا کے قریب مار گرایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے رات گئے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر 24 حملے کیے، جن میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے۔ احمد پور شرقیہ میں 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، جن میں ایک معصوم بچی شامل تھی۔ مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک بچی زخمی ہوئی اور مسجد کو نقصان پہنچا۔ مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک شخص شہید ہوا اور ایک زخمی ہوا۔پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت سے فوج دشمن کی جارحیت کا جواب دے رہی ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دشمن کے بلاجواز حملے کا پاکستان بھرپور جواب دے رہا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی فضائیہ کے میزائل حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔ بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی خودمختاری کو نشانہ بنایا اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت سے پاکستان کی فضائی حدود میں تجارتی پروازوں کو شدید خطرہ لاحق ہوا، اور یہ اقدام دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کے خطرے کو بڑھا رہا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ بھارت کی جارحیت کا مناسب وقت اور جگہ پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافے کی وجوہات میں 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام میں فائرنگ کا واقعہ شامل ہے، جس میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن زخمی ہوئے تھے۔ بھارت نے بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا، جسے پاکستان نے مسترد کر دیا۔