وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی اسلام آباد سے مانچسٹر براہ راست پروازوں کے آغاذ پر پوری قوم بالخصوص برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دی ہے
وزیرِ اعظم نے وزیرِ ہوابازی خواجہ آصف، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور متعلقہ اداروں کے حکام کی اس امر میں کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا پوری دنیا میں تشخص بحال ہو رہا ہے.پابندی کی وجہ سے پی آئی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچا جس کو کئی برس کی محنت کے بعد بحال کیا گیا.پی آئی اے کی براہ راست پروازوں سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری مستفید ہوگی. براہ راست پروازوں کی بحالی سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں نئی مضبوطی آئے گی. پاکستان کے ہر ادارے میں اصلاحات سے بہتری کا سفر تیزی سے جاری ہے.
قبل ازیں پانچ سال کے وقفے کے بعد اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی پرواز مانچسٹر کیلئے روانہ ہوگئی، جہاز میں 250 مسافر سوار ہیں، براہ راست پرواز کی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر تقریب منعقد کی گئی۔
مانچسٹر کیلئے براہ راست پرواز کی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، مہمان خصوصی وزیر ہوا بازی خواجہ آصف اور برطانوی ہائی کمشنر نے شرکت کی۔ وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کو شیلڈ پیش کی۔پی آئی اے کی پہلی پرواز کے مسافر کو 660 سی سی گاڑی کا تحفہ بھی دیا گیا، مانچسٹر کی پہلی پرواز کے مسافروں کو پی آئی اے کی طرف سے تحائف بھی دیئے گئے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق ابتدائی طور پر اسلام آباد سے منگل اور ہفتہ کو قومی ایئر لائن کی پرواز مانچسٹر جائے گی، تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا جبکہ لندن اور برمنگھم کیلئے بھی پروازیں جلد شروع ہوں گی۔







