مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک بھارتی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
انہوں نے اس بات کو اہمیت دی کہ اگرچہ پاک بھارت جنگ کے نتیجے میں بہت سی چیزیں بدل چکی ہیں، مگر ایک بات جو بدلی نہیں ہے، وہ ہے پاکستان کا کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا عزم،عمر عبداللہ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کی وجہ سے صورتحال میں کافی تبدیلی آئی ہے، لیکن پاکستان نے مسلسل کشمیر کے مسئلے کو عالمی فورمز پر اٹھایا ہے، جس میں وہ کامیاب بھی رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے پاکستان پر حملے سے قبل، پہلگام کے متاثرین کو انصاف نہیں مل سکا، لیکن اس کے باوجود پاکستان نے عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ عمر عبداللہ کے مطابق اس جنگ کے نتیجے میں کشمیر کے مسئلے کی اہمیت دنیا بھر میں مزید بڑھ گئی ہے اور اب امریکا جیسے عالمی طاقتیں بھی اس مسئلے میں دلچسپی لے رہی ہیں۔
عمر عبداللہ نے یہ بھی کہا کہ امریکا اس مسئلے میں نگران یا ثالثی کے کردار کو ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر کشمیر کے معاملے کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر اب بین الاقوامی برادری بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔







