بنگلا دیشی وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد مظاہرین نے بھارتی کلچرل سینٹر نذر آتش کیا، پاکستان کے خلاف سازش کا ثبوت مل گیا

ڈھاکا: بنگلا دیش میں جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران، مظاہرین نے بھارت کے سرکاری محکمے انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز کے تحت چلنے والے اندرا گاندھی کلچرل سینٹر کو نذر آتش کر دیا۔ یہ واقعہ بنگلا دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے اور بھارت فرار ہونے کے بعد پیش آیا۔پرتشدد مظاہروں نے ڈھاکا شہر میں شدید ہنگامہ برپا کر دیا، جس کے نتیجے میں کلچرل سینٹر کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی جانب سے جاری کردہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کلچرل سینٹر کے احاطے میں ملبہ پھیلا ہوا ہے اور عمارت سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ فوٹیج میں عمارت کے اندر موجود ملبے میں ویڈیو کیسٹس کا ڈھیر بھی نظر آ رہا ہے، جن میں سے ایک ویڈیو کیسٹ پاکستان سے متعلق ہے۔
ویڈیو کیسٹ کا عنوان ’پاکستان: دی وار وِد اِن‘ ہے، اور اس کے لیبل سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ویڈیو کیسٹ بھارتی وزارت خارجہ کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کی جانب سے جاری کردہ ہے۔ یہ کیسٹ 30 منٹ کے دورانیے پر مشتمل ہے اور اس میں پاکستان سے متعلق مواد شامل ہے۔بنگلا دیش میں گزشتہ ماہ سے جاری عوامی احتجاج نے ملک میں شدید سیاسی بحران کو جنم دیا۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی مستعفی ہونے کے بعد، بھارت فرار ہونے کے فیصلے نے مزید کشیدگی کو بڑھا دیا۔ فوج کے سربراہ نے اس صورتحال پر عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس سے ملک کی موجودہ سیاسی عدم استحکام کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔مظاہرین کے غم و غصے کے نتیجے میں بھارتی کلچرل سینٹر کو نشانہ بنانے کے بعد، بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اور اس واقعے نے دونوں ممالک کے درمیان موجود سیاسی اختلافات کو مزید ابھار دیا ہے۔

Comments are closed.