پاکستان کے ساتھ مستقل بات چیت کا دور ختم ہو چکا ہے،بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر

0
61
jaishanker

نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات پر واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقل بات چیت کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ان کا یہ بیان ایک تقریب کے دوران خطاب میں سامنے آیا، جس میں انہوں نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر بھی تبصرہ کیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایس جے شنکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ "پاکستان کے ساتھ مستقل بات چیت کا دور اب ختم ہو چکا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک جموں و کشمیر کے مسئلے کی بات ہے، وہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے ساتھ ہی ختم ہو چکا ہے۔ بھارتی حکومت نے اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کرکے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا تھا، جس کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں مزید تلخی آ گئی ہے۔بھارتی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اب سوال یہ ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کس قسم کے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے گا اور معاملات چاہے مثبت سمت میں جائیں یا منفی، بھارت اپنے ردعمل سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ایس جے شنکر کے اس بیان سے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ اور اختلافات کی عکاسی ہوتی ہے۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار رہا ہے، اور ایسے بیانات تعلقات کو مزید کشیدہ بنا سکتے ہیں۔

Leave a reply