گو دیکھنے کے واسطے لاکھوں تھے خوبرو
ہم نے تو ایک چہرے کو معیار کر لیا

نیلما ناہید درانی

ادیبہ، شاعرہ ، سفرنامہ نگار
پاکستان کی پہلی خاتون SSP
15 اکتوبر : یوم پیدائش
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تعارف و گفتگو: آغا نیاز مگسی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عالمی شہرت یافتہ 4 زبان پاکستانی شاعرہ، افسانہ نگار، کالم نگار، سفر نامہ نگار اور پاکستان کی پہلی خاتون ایس ایس پی محترمہ نیلما ناہید درانی صاحبہ 15 اکتوبر 1955 میں لاہور میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد محترم کا نام آغا اعجاز حسین درانی ، والدہ محترمہ کا نام آفتاب بیگم اور دادا محترم کا نام آغا نعمت اللہ جان درانی ہے۔ دادا مذہبی اسکالر اور مصنف تھے جن کا تخلص احقر امرتسری تھا۔ والد صاحب شاعری اور مصوری کرتے تھے ۔ نیلما صاحبہ کا تعلق پٹھانوں کے مشہور درانی قبیلے ( سدوزئی ) سے ہے ان کی مادری زبان اردو، پدری زبان فارسی اور پیدائشی زبان لاہوری پنجابی ہے۔ وہ پانچ بہن بھائی ہیں ان کے دو بھائی ہیں اور دونوں لکھاری ہیں۔ ایک بھائی آغا مدثر پنجابی کہانی نویس ہیں اور دوسرے بھائی آغا مزمل اردو اور پنجابی میں شاعری کرتے ہیں ۔ نیلما درانی کے 3 بچے ہیں بڑا بیٹا سوفٹ ویئر انجنیئر ہے بیٹی ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہے اور چھوٹا بیٹا لندن یونیورسٹی میں بزنس ایڈمنسٹریشن کا طالب علم ہے اور نیلما صاحبہ اس وقت لندن میں ان کے ہاں قیام پذیر ہیں ۔ نیلما ناہید درانی اردو ، انگریزی ، پنجابی اور فارسی زبان میں شاعری کرتی ہیں اس کے علاوہ وہ ایک بہت بڑی لکھاری بھی ہیں وہ سفرنامہ نگار اور کالم نویس بھی ہیں ان کے لکھنے کا انداز بہت متاثرکن ہے اس لیے ان کے قارئین کی تعداد کا حلقہ بہت وسیع ہے۔ نیلما کی پہلی کہانی ماہنامہ ہدایت لاہور میں شائع ہوا جس کے ایڈیٹر نظرزیدی تھے۔ انہوں نے 1965 سے یعنی 10 سال کی عمر میں شاعری شروع کی۔ نیلما نے اسلامیہ گرلز ہائی سکول لاہورسے میٹرک ، لاہور کالج برائے خواتین لاہور سے بی اے اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے فارسی ، پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس لاہور سے صحافت میں ایم اے کیا۔ اور 2000 میں ایم اے پنجابی کیا ۔

ایم اے صحافت کے دوران ہی پی ٹی وی پر انائونسر کی جاب مل گئی ۔ ریڈیو پاکستان کیلئے بچوں کی کہانیاں بھی لکھتی رہیں جب وہ ایف اے کی طالبہ تھیں ۔
پاکستان ٹیلی ویژن میں 4 ماہ کی سروس کے بعد انہیں محکمہ پولیس میں انسپکٹر کی جاب مل گئی۔ ۔۔اور وہ دونوں ذمہ داریاں نبھاتی رہیں۔صبح کو پولیس کی ڈیوٹی سر انجام دیتیں ۔۔شام کو پی ٹی وی سے اناونسمنٹ کرتیں۔۔۔
جب رائل ٹی وی کا آغاز ہوا تو اس کے ایک گھنٹہ دورانیہ کے ٹاک شو پروگرام ۔۔ستاروں کے ساتھ۔۔۔کی دو برس تک کمپیرنگ کی
ایف ایم ریڈیو 101۔۔کے غزل ٹائم کی کمپئرنگ کی۔
ریڈیو پاکستان لاہور کے مقبول ادبی پروگرام ۔۔تخلیق کی کپمئیرنگ کی اور بہت سے شاعروں ادیبوں کے انٹرویوز ریکارڈ کروائے
وہ اپنی محنت ۔ ذہانت اور بہتر کارکردگی کی بدولت ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی خاتون ایس ایس پی کا منفرد اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔ جبکہ وہ مختلف پولیس ٹریننگ اسکولز کی پرنسپل کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔ وہ اقوام متحدہ کےامن مشن میں افریقہ میں بھی تعینات رہی ہیں ۔ 2010 میں انہیں ان کی انگریزی نظم پر یونائٹڈ نیشن افریقن یونین UNAMID کی جانب سے World Aids day کے حوالے سے پہلا انعام دیا گیا ۔ 2004 میں گورنر پنجاب خالد مقبول نے انہیں بہترین شاعری اور پولیس کارکردگی پر فاطمہ جناح میڈل دیا جبکہ 2005 وزیر اعظم شوکت عزیز نے انہیں بھی اعلی کارکردگی کی بنا پر گولڈ میڈل کا انعام دیا ۔ 1989 میں شالیمار ریکارڈنگ کمپنی نے نیلما کی شاعری پر مشتمل ” انتظار” کے عنوان سے کیسٹ جاری کیا جس میں ان کی تمام غزلیں حامد علی خان نے گائی ہیں۔ نیلما صاحبہ حمد، نعت، غزل ، نظم ، سلام، منقبت اور مرثیہ کی اصناف میں طبع آزمائی کر چکی ہیں۔ ان کی شاعری کی پہلی کتاب ۔۔جب تک آنکھیں زندہ ہیں۔۔۔جو 1986 میں چھپی تھی کی پہلی غزل کو بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل ہوئی ہے جس کا مطلعہ ہے

اداس لوگوں سے پیار کرنا کوئی تو سیکھے
سفید لمحوں میں رنگ بھرنا کوئی تو سیکھے

نیلما ناہید درانی صاحبہ کی اب تک 16 کتابیں شائع ہو چکی ہیں جن میں ان کی اردو اور پنجابی شاعری ، سفرنامے اور افسانے شامل ہیں جن کے نام درج ذیل ہیں ۔
1 جب تک آنکھیں زندہ ہیں 2 جب نہر کنارے شام ڈھلی 3 تمھارا شہر کیسا ہے 4 واپسی کا سفر 5 قطرہ قطرہ عشق 6 جنگل ، جھیل اور میں 7 نیلما کی غزلیں 8 اداس لوگوں سے پیار کرنا 9 راستے میں گلاب رکھے ہیں 10 چانن کتھے ہویا 11 دکھ سبھا ایہ جگ 12 چاند ، چاندنی چندی گڑھ 13 چڑھدے سورج دی دھرتی 14 ٹھنڈی عورت 15 بیلجم میں 20 دن 16۔تیز ہوا کا شہر

چند منتخب اشعار قارئین کی نذر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یوں خوف زدہ چہرے لیے پھرتے ہیں سارے
لوگوں کو کسی نے تو ڈرایا ہے کوئی ہے

اب اونچی فصیلیں ہیں یہاں آہنی در ہیں
یوں موت کو پہرے پہ بٹھایا ہے کوئی ہے

مجھے جہاں کے یزیدوں سے ڈر نہیں لگتا
کہ میرے گھر پہ مرے پنجتن کا سایہ ہے

جو بھی قریب آیا اسے پیار کر لیا
اپنی نظر کو یونہی گنہ گار کر لیا

گو دیکھنے کے واسطے لاکھوں تھے خوبرو
ہم نے تو ایک چہرے کو معیار کر لیا

ظلم ہے اور کوئی روتا نہیں
ظلم ہے سب کو دکھائی بھی تو دے

کوئی تو خزاں میں پتے اگانے والا
گلوں کی خوشبو کو قید کرنا کوئی تو سیکھے

شہر میں بستے حیوانوں سے ڈر لگتا ہے
مجھ کو ایسے انسانوں سے ڈر لگتا ہے

مسجد کے حجرے میں بچے مر جاتے ہیں
تیرے گھر کے دربانوں سے ڈر لگتا ہے

بچھڑتے وقت اس نے جو کہا تھا
اسی اقرار نے چونکا دیا تھا

نیلما ناہید درانی

Shares: