پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب کب پورا ہو گا؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا بڑا دعویٰ

پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب کب پورا ہو گا؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا بڑا دعویٰ

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک ویژنری سٹیٹسمین تھے ۔قائداعظم محمد علی جناح جیسا لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے ۔قائداعظم محمد علی جناح نے اصولوں کی سیاست کر کے اپنا بلند مقام پیدا کیا۔ کوئی لالچ یاخوف قائداعظم کواپنے عظیم مقصد سے ہٹانہ سکا۔ برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیزقیاد ت میں الگ وطن کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں کامیاب تحریک کی صورت میں مسلمانوں کو ایک آزاد ملک نصیب ہوا ۔اتحاد ، تنظیم اور ایمان قائد کا وہ پیغام ہے جو آج بھی پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا ضامن ہے۔تحمل،برداشت اور رواداری پر مبنی پرامن معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناح کا خواب تھا ۔قائد اعظم پاکستان کو روشن خیال ، اعتدال پسند اور جدید دنیا سے ہم آہنگ فلاحی اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے۔بدقسمتی سے ماضی میں قائداعظم کے پیغام کو فراموش کر کے ملک و قوم سے زیادتی کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بانی پاکستان کے فرمودات کے مطابق ملک کوحقیقی معنوں میں فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قائد کے پاکستان کو عملی تعبیر دیں گے۔ ایسا پاکستان جہاں سب کو یکساں سماجی و معاشی انصاف ملے گا۔ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب وزیراعظم عمران خان کے دور میں پورا ہوگا۔

بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر وزیراعلیٰ سندھ نے دیا اہم پیغام

ہم ملک کو مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں؟ گورنر سندھ نے بتا دیا

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ سیاسی اور ذاتی مفادات کو پس پشت رکھ کر بحیثیت قوم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی مثالی فضا پیدا کی جائےـہم پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کا رلانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

Comments are closed.