قائد کے پاکستان کو متحد ہو کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں، شیری رحمان

sheri rehman

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ "قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی الگ شناخت اور سیاسی سمت کا تصور دیا۔”

شیری رحمان نے اس بات پر زور دیا کہ قائد اعظم کی قیادت نے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا خواب حقیقت میں بدل دیا، جس کا قیام ممکن نہ ہوتا اگر قائد کی رہنمائی نہ ہوتی۔شیری رحمان نے مزید کہا کہ "آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ قائد اعظم کی انتھک جدوجہد نے برصغیر کے مسلمانوں کو ان کے حقوق کے حصول کے لیے مضبوط بنایا اور آج ہم اُن کی جدوجہد کی بدولت ایک آزاد اور خود مختار ملک میں زندگی گزار رہے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ "قائد اعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد، سیاسی بصیرت، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی۔” انہوں نے مزید کہا کہ "قائد کے پاکستان میں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی یا عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نہیں۔”شیری رحمان نے کہا کہ "آج کا دن ہمیں ایک مرتبہ پھر اپنے اختلافات کو ختم کر کے متحد ہونے کا عہد کرنے کا ہے، جیسے ہمارے آبا اجداد نے تحریک آزادی کے دوران متحد ہو کر پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد کی تھی۔” انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ "آئیے ہم ذات، مسلک اور عقیدے کی بنیاد پر اپنے اختلافات کو ختم کر کے متحد ہو کر کام کریں تاکہ ہم قائد اعظم کے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔”انہوں نے آخر میں دعا کی کہ "اللہ تعالیٰ بابائے قوم کے درجات بلند کرے اور ہمیں ان کے بتائے ہوئے زریں اصولوں پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین!”

شازیہ مری کا قائدِ اعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بھی قائدِ اعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ "قائدِ اعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد نے ہمیں ایک آزاد وطن دیا، اور ان کی قیادت نے مسلمانوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی۔”شازیہ مری نے کہا کہ "قائدِ اعظم کی غیر معمولی قیادت نے مسلمانوں کے حقوق کی بھرپور وکالت کی اور بدولت ہم نے آزادی حاصل کی۔ قائدِ اعظم نے مسلمانوں کو اپنے مذہب پر عمل پیرا ہونے، اپنی ثقافت کا تحفظ کرنے اور اپنے سیاسی و معاشی حقوق کے حصول کا موقع دیا۔”انہوں نے مزید کہا کہ "قائدِ اعظم کا ایک پُرامن اور اعتدال پسند پاکستان کا خواب تھا، اور اس خواب کی تکمیل کے لیے ہمیں قائد کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔”شازیہ مری نے کہا کہ "قائدِ اعظم کے فرمان کے مطابق ہمیں اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ سکیں۔”انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ "آئیں، ہم سب قائدِ اعظم کے نظریات کو اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگیوں میں مجسم کرنے کا عہد کریں اور ‘اتحاد، یقینِ محکم اور تنظیم’ کے اصولوں کو اپنانے کا عہد کریں تاکہ ہم اپنے وطن کو ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن کر سکیں۔”

شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج میں شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ

پاراچنار،دھرنا جاری،ادویات نہ ملنے سے 100 سے زائد بچوں کی اموات

Comments are closed.