سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے بیلسٹک میزائل پروگرام میں مدد کے الزام پر عائد کی جانے والی امریکی پابندیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان پر یہ پابندیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں اور یہ کہ امریکہ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ پاکستان کوئی طفیلی ریاست نہیں ہے۔رضا ربانی کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیاں "امتیازی اور جانبدارانہ” ہیں اور ایسی کارروائیاں پاکستان کے میزائل پروگرام کو کسی بھی صورت متاثر نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان پابندیوں سے امریکہ کا یہ دہرا معیار واضح ہو رہا ہے، جو اس کی عالمی پالیسی کو ناقابلِ فہم بنا دیتا ہے۔رضا ربانی نے یاد دلایا کہ پاکستان کے جوہری اور میزائل پروگرام کی بنیاد پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق قائدین نے رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے پُرامن جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی، جبکہ شہید بے نظیر بھٹو نے ملک کے میزائل پروگرام کو مزید آگے بڑھایا۔ ان دونوں رہنماؤں کی پالیسیوں کا مقصد پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانا تھا اور یہ پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔
سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیاں ایک ایسے وقت میں آئی ہیں جب پاکستان عالمی سطح پر اپنی دفاعی ضروریات کے حوالے سے خودمختار حیثیت کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی دفاعی حکمت عملی میں کسی بھی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گا اور یہ کہ ملک اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔رضا ربانی نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کی پالیسیوں کا خطے میں امن اور استحکام پر منفی اثر پڑ سکتا ہے، اور ایسے اقدامات کسی بھی طرح پاکستان کے میزائل پروگرام کو متاثر نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاعی ضروریات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی سرپرستی قبول نہیں کرے گا۔
اس بیان میں رضا ربانی نے پیپلز پارٹی کی حکومت کی دفاعی پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں رہ کر فیصلے کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
محکمہ اطلاعات سندھ کا فلم اور ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ افراد کی معاونت کا فیصلہ
میریٹ ہوٹل کے سیل کیے گئے ایریاز ڈی سیل کرنے کا حکم
چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جو بھی ہوگا پاکستان کے لیے بہتر ہو گا،محسن نقوی








