پاکستان میں ایم پاکس کا مشتبہ کیس رپورٹ، وزارت قومی صحت کی تصدیق

0
117
monke pox

اسلام آباد: خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص میں ایم پاکس (Monkeypox) کا مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے، جس نے حال ہی میں خلیجی ممالک کا سفر کیا تھا۔ ترجمان وزارت قومی صحت نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشتبہ شخص کے نمونے قومی ادارہ صحت (NIH) کو بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ وائرس کی موجودگی کی حتمی تصدیق کی جا سکے۔ترجمان کے مطابق، متاثرہ شخص میں ایم پاکس کی علامات معمولی ہیں، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر اس کے کانٹیکٹ ٹریسنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، وزارت صحت کے حکام نے مزید افراد کے نمونے حاصل کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے جو متاثرہ شخص کے رابطے میں رہے ہیں۔
وزارت قومی صحت نے تمام صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ منکی پاکس کے حوالے سے فوکل پرسنز مقرر کریں تاکہ اس بیماری کی ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ مزید برآں، بارڈر ہیلتھ سروسز کو تمام پوائنٹس آف اینٹری پر نگرانی کو سخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کی مکمل سکریننگ کی جا سکے۔ترجمان وزارت قومی صحت کا کہنا تھا کہ ایم پاکس ایک نیا وائرس ہے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھبرانے کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اگر کسی میں علامات ظاہر ہوں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
ایم پاکس کی علامات میں بخار، جسم پر دانے، سر درد، اور دیگر فلو جیسی علامات شامل ہیں۔ یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں قریبی رابطے کے ذریعے پھیل سکتا ہے، لہذا اس حوالے سے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکومت پاکستان اور وزارت قومی صحت ملک میں اس بیماری کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور عوام کو جلد ہی مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

Leave a reply