امسال رمضان کا آغاز 11 یا 12 مارچ کو ہوگا، دنیا میں مختلف ٹائم زونز ہونے کی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک میں روزے کا دورانیہ انتہائی مختصر اور کہیں غیر معمولی طور پرطویل ہے۔

باغی ٹی وی : مختلف ممالک میں روزے کے اوقات مختلف ہوتے ہیں، اس سال کی حد 12 گھنٹے سے 17 گھنٹے ہونے کی توقع ہے، اس سال چلی کے مسلمانوں کو رمضان المبارک کے دوران اوسطاً 12 گھنٹے 44 منٹ کے روزے رکھنا ہوں گے جو کہ مختصر ترین وقت ہے، اس کے علاوہ نیوزی لینڈ، ارجنٹائن اور جنوبی افریقہ میں بھی اس سال روزے کا دورانیہ 12 سے 13 گھنٹے ہوگا۔

وہیں فن لینڈ، گرین لینڈ اور آئس لینڈ کے مسلمان اس سال سب سے طویل روزہ رکھیں گے۔ یہ افراد ماہ مقدس کے دوران روزانہ اوسطاً 17 گھنٹے روزہ رکھیں گے، پاکستان اور بھارت میں روزہ تقریباً 13 گھنٹے کا ہوگا، جو رہمضان کے اختتام تک 14 گھنٹوں کا ہوجائے گا۔

دوسری جانب پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کے چاند کیلیے اجلاس 11 مارچ کو طلب کرلیا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے چیئرمین مولانا عبدا لخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس 11 مارچ بروز پیر بمطابق 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں منعقد ہو گا۔

اس کے علاوہ دیگر زونل و ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔
چاند سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کریں گے جبکہ محکمہ موسمیات نے گیارہ مارچ کو ماہ صیام کا چاند نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے۔

Shares: