پاکستان میں کرونا مریضوں کا اضافہ، اموات کا سلسلہ بھی کم نہ ہو سکا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر جاری ہے، کرونا مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کرونا کے مزید 58 اموات اور 2 ہزار511 نئے مریض سامنے آئے ہیں،پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 595 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 9 ہزار 964 ہو گئی ہے ،پاکستان میں کرونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد 22ہزار38 ہے۔ 5 لاکھ 73 ہزار14افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سے پنجاب میں5 ہزار812افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار461، خیبر پختونخوا 2 ہزار169، اسلام آباد میں 526، گلگت بلتستان میں 103، بلوچستان میں 202 اور آزاد کشمیر میں 322 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 48 ہزار495، خیبر پختونخوا 76 ہزار379، سندھ 2 لاکھ 61 ہزار582، پنجاب میں ایک لاکھ 88 ہزار255، بلوچستان 19 ہزار223، آزاد کشمیر 11 ہزار89 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 961 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں سب سےزیادہ شرح اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی،پنجاب میں مجموعی طور پر 5ہزار 700 سےزائد افراد کورونا سے انتقال کرگئے ،پنجاب میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد لاہورمیں رہی کورونا کے باعث اموات کے اعتبار سے سندھ دوسرے نمبر پر ہے،کورونا کے باعث سندھ میں 4ہزار 450 سے زائد اموات ہو چکی ہیں،

کرونا کی نئی لہر کے بعد پنجاب کے 7 شہروں میں 29 مارچ تک سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔مارکیٹس اور بازار 29 مارچ تک شام 5 بجے بند ہوں گے جبکہ ہفتے اور اتوار کو مکمل شٹر ڈاؤن ہوگا۔ تفریحی مقامات اور پارکس کو شام 6 بجے تالے لگ جائیں گے۔ سینما ہالز، تھیٹرز، میرج ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز مکمل بند ہیں، صرف کھلے مقامات پر تقریبات کی اجازت ہوگی جن میں تین سو سے زائد افراد شرکت نہیں کرسکیں گے۔ریسٹورنٹس اور کیفے میں صرف ٹیک اوے کی اجازت ہے جبکہ میڈیکل سروسز، پٹرول پمپس، اشیا ضروریہ کی دکانیں چوبیس گھنٹے کھلی رہیں گی۔ سرکاری اور نجی دفاتر میں صرف 50 فیصد سٹاف بلانے کی اجازت ہے۔

Shares: