پاکستان میں 29 سال بعد کرکٹ کا بین الاقوامی میلہ سجنے جا رہا ہے، جس کا آغاز آج کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ شائقین کرکٹ اس شاندار ایونٹ کے منتظر ہیں، جبکہ کھلاڑی بھی جوش و جذبے سے بھرپور ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا میچ کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑا ایونٹ بن چکا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کراچی نیشنل بینک اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس موقع پر پاکستان ائیر فورس کے جانباز "شیردل شو” پیش کریں گے جس سے کرکٹ کے شائقین محظوظ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی بھی اس میچ کا مشاہدہ کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی صرف ایک کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ یہ پاکستان کی ثقافت اور تہذیب کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کا انعقاد پاکستان کی امن و سکون کی جیت ہے اور آج ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔
کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ان انتظامات کی حتمی شکل دی گئی۔ ایس ایس یو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 6700 سے زائد اہلکار اس ایونٹ کی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ایس ایس یو کے 1045 کمانڈوز، جن میں خواتین کمانڈوز بھی شامل ہیں، اسٹیڈیم کے اطراف سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ ٹریفک پولیس، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اس سلسلے میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔سیکیورٹی کے ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات ہوں گے، جبکہ کمانڈوز کی ایک خصوصی ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے گی۔ اسٹیڈیم کے اطراف گشت بھی کیا جائے گا تاکہ میچ کے دوران کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد ایک بڑی کامیابی ہے جس سے نہ صرف کرکٹ کے شائقین کی خوشی میں اضافہ ہو گا بلکہ یہ پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر امن کی علامت بنے گا۔ اس ایونٹ کے ذریعے پاکستان دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ وہ کرکٹ کا دیس ہے اور یہاں بین الاقوامی سطح پر بڑے ایونٹس کے لیے ماحول پورے طور پر محفوظ ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے میچز 19، 21 فروری اور 1 مارچ 2025 کو کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ شائقین کرکٹ کے لیے یہ ایونٹ ایک یادگار تجربہ ثابت ہوگا۔