پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروسز شدید سست روی کا شکار ہیں جس کی وجہ سعودی عرب کے شہر جدہ کے قریب سب میرین کیبل کا کٹ جانا بتایا جا رہا ہے۔
پی ٹی سی ایل (پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ) کے ترجمان کے مطابق سب میرین کیبل کی خرابی سے ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کے استعمال میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے اور صارفین کو سروس کی رفتار کم ہونے کا سامنا ہے۔ترجمان نے وضاحت کی کہ مصروف ترین اوقات میں انٹرنیٹ کی فراہمی معمولی متاثر ہو سکتی ہے، تاہم تکنیکی ٹیمیں صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق سب میرین کیبل کٹنے سے SMW4 اور IMEWE کی بینڈوتھ جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار غیر معمولی طور پر کم ہوگئی ہے۔
پی ٹی سی ایل حکام نے مزید کہا کہ صارفین کو بہتر سروس فراہم کرنے کے لیے متبادل بینڈوتھ کے ذریعے انٹرنیٹ کی رفتار بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ عوام کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ماہرین کے مطابق سب میرین کیبل عالمی سطح پر انٹرنیٹ کی فراہمی کا بنیادی ذریعہ ہے اور کسی بھی تکنیکی خرابی کی صورت میں براہِ راست لاکھوں صارفین متاثر ہوتے ہیں۔ انٹرنیٹ سست روی کے باعث پاکستان میں کاروباری شعبے، آن لائن تعلیمی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال میں بھی مشکلات دیکھی جا رہی ہیں۔اگر یہ خرابی بروقت دور نہ کی گئی تو ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی سروسز مزید متاثر ہوسکتی ہیں۔







