ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ناجے بنحیسن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام مضبوط ہو رہا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کی مضبوطی کے باعث ورلڈ بینک کے ساتھ 10 سالہ ترقیاتی منصوبے کے معاہدے پر دستخط کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ناجے بنحیسن نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی قرضے پر مشتمل ہوگا۔ اس قرضے کا مقصد پاکستان کی معاشی ترقی کو تیز کرنا اور مختلف شعبوں میں بہتری لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فنڈنگ کا استعمال خاص طور پر صاف توانائی، ماحولیاتی بحالی، اور دیگر اہم شعبوں میں کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا آغاز 2026 سے متوقع ہے اور اس سے پاکستان کی توانائی کے شعبے میں جدیدیت آئے گی۔
ناجے بنحیسن نے یہ بھی کہا کہ ترقی کے لیے طویل المدتی منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں اور یہ منصوبے ورلڈ بینک گروپ کی ترجیحات کے مطابق ہوں گے، جن کا مقصد پاکستان میں پائیدار ترقی اور معیشت کا استحکام ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں مزید استحکام اور ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔اس معاہدے سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور ملک کی پائیدار ترقی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔